مہر خبررساں ایجنسی نے ڈیلی میل کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ برطانیہ کی جانب سے پاکستان کے سابق وزير اعظم نواز شریف اور ان کے اہل خانہ کے خلاف جے آئی ٹی کی تحقیقات میں عدم تعاون کا انکشاف ہوا ہے۔ برطانوی اخبار ڈیلی میل نے شریف خاندان کے لندن فلیٹس سمیت برطانیہ میں دیگر جائیدادوں اور پانامہ لیکس سے متعلق عدالتی کارروائی کی تفصیلات شائع کی ہیں۔ ڈیلی میل کے مطابق برطانوی حکومت کالے دھن کی آمد اور منی لانڈرنگ کے سدباب کے لیے ٹھوس اقدامات اور دیگر ممالک کی تحقیقات میں مکمل تعاون کے دعوے کرتی ہے لیکن حقیقت اس کے برعکس نظر آتی ہے۔
برطانوی حکومت نے شریف خاندان کے خلاف پانامہ لیکس کی تحقیقات کے دوران تعاون تو درکنار کوئی بھی معلومات فراہم کرنے سے انکار کردیا۔ شریف خاندان کے خلاف تحقیقات کرنے والے خفیہ ادارے کے ایک افسر نے ڈیلی میل کو بتایا کہ برطانیہ نے معلومات فراہم کرنے سے انکار کرکے تحقیقات میں رکاوٹ ڈالی، بینک کے ذریعے برطانیہ سے پاکستان رقوم کی ترسیلات ہوئی تھیں، ہم نے شریف خاندان کے برطانوی اکاؤنٹس کے ریکارڈ تک رسائی مانگی لیکن ہمیں انکار کردیا گیا۔