مہر خبررساں ایجنسی نے طلوع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ افغانستان کے صدر اشرف غنی نے طالبان دہشت گردوں کے ساتھ جنگ بندی کی مدت میں یکطرفہ طور پر توسیع کا اعلان کر دیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق افغانستان کے صدر اشرف غنی نے افغان ٹی وی پر خطاب کے دوران جنگ بندی کی مدت میں یکطرفہ طور پر توسیع کا اعلان کیا ہے، انہوں نے کہا کہ طالبان بھی جنگ بندی کی مدت میں توسیع کر دیں۔ عید الفطر کے موقع پر طالبان اور حکومتی فورسز ایک دوسرے کے ساتھ بغل گیر ہوئے اور اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ہم سب امن چاہتے ہیں، حکومت طالبان کے ساتھ جامع مذاکرات کے لیے تیار ہے۔ وہ تمام مسائل اور مطالبات جو طالبان ہمارے سامنے رکھیں گے ان پر امن مذاکرات میں بات کی جائے گی۔
طالبان کی طرف سے حکومتی فورسز کے خلاف مسلح کارروائیاں نہ کرنے کی ڈیڈ لائن اتوار کی رات ختم ہو جائے گی تاہم تاحال افغان طالبان کی جانب سے حکومتی اعلان پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
دوسری جانب امریکہ کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے افغان صدر اشرف غنی کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع اور امن مذاکرات جاری کرنے کی پیش کش کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔