مہر خبررساں ایجنسی نے فلسطین الیوم کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ عالمی یوم القدس پر اسرائیلی فوج نے وحشیانہ کارروائی کرتے ہوئے غزہ کی سرحد پر جمع ہونے والے مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کرکے 4 فلسطینی نوجوان کو شہید اور 600 سے زائد کو زخمی کردیا ہے۔ مظاہرین نے غزہ کی سرحد پر ٹائروں کو نذر آتش کیا اور اسرائیلی فوج پر پتھراؤ کیا جب کہ صہیونی فوج نے ظلم کے سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے نہتے فلسطینیوں پر براہ راست گولیاں چلائیں۔ اسرائیلی نشانہ باز اہل کاروں نے نوجوانوں کو نشانہ بناتے ہوئے 4 فلسطینیوں کو شہید جب کہ 600 کو زخمی کردیا۔
فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ صبح سے جاری احتجاج کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ سے 600 سے زائد افراد زخمی ہوئے جن میں خواتین اور کم عمر لڑکے بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ 30 مارچ سے جاری احتجاجی تحریک میں صیہونی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 125 سے تجاوز کرچکی ہے جب کہ ہزاروں زخمی ہوئے ہیں۔