فلسطین میں قیدیوں سے متعلق محکمہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی حکومت نے اسرائیلی جیلوں میں زیرحراست فلسطینیوں سے غیرانسانی سلوک میں مزید اضافہ کردیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے فلسطینی اطلاع رسانی سینٹر کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ فلسطین میں قیدیوں سے متعلق محکمہ کی رپورٹ کے مطابق  اسرائیلی حکومت نے اسرائیلی جیلوں میں زیرحراست فلسطینیوں سے غیرانسانی سلوک میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ فلسطینی ذرائع کے مطابق امور اسیران کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ قابض صہیونی تفتیش کاروں کی جانب سے فلسطینی شہریوں کی گرفتاریوں کے وقت، دوران تفتیش اور جیلوں میں ڈالے جانے کے بعد ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کئے جاتے ہیں۔ یہ طرز عمل ہرعمر اور طبقے کے شہریوں کے ساتھ برتا جا رہا ہے،کئی فلسطینیوں کو گولیاں مارنے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کیا جاتا ہے اور انہیں کسی قسم کی طبی امداد فراہم کرنے کے بجائے اذیتیں دی جاتی ہیں۔ رپورٹ  کے مطابق حال ہی میں اسرائیلی فوج نے الخلیل شہر میں بیت اولی کے مقام پر کریک ڈاؤن کے دوران 47 سالہ ایک فلسطینی خاتون کو گولی مار کر زخمی کردیا۔ گولی اس کی آنکھ میں سے گزرتی ہوئی کھوپڑی کے دائیں حصے سے گزرگئی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئیں۔ انہیں اسی حالت میں گرفتار کیا گیا اور گرفتاری کے وقت بھی اسے ہولناک تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔