مہر خبررساں ایجنسی نے غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ تھائی لینڈ میں پلاسٹک کے 80 تھیلے نگلنے والی وہیل چار دن تک موت و حیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد ہلاک ہوگئی۔ اطلاعات کے مطابق چار روز قبل جنوبی تھائی لینڈ کے ساحل پر ایک پائلٹ وہیل نیم مردہ حالت میں پائی گئی تھی جسے امدادی ادارے کے اہلکار اپنے ہمراہ لے گئے تھے۔ چار دن تک وہیل کی جان بچانے کی کوششیں کی جاتی رہیں اس دوران نے وہیل نے پلاسٹک کے 5 بڑے تھیلے بھی الٹی کرکے اگُلے اور دوران علاج ہی اس کی موت واقع ہو گئی۔
وہیل کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق اس کے معدے میں پلاسٹک کے 80 بڑے تھیلے تھے جن کا وزن 3 پاؤنڈ کے برابر تھا جس کے باعث وہیل کوئی بھی غذا نہیں لے پارہی تھی اور جس کی وجہ سے معدے میں کسی اور غذا کی کوئی جگہ نہیں بچی تھی۔ اس کی موت کی وجہ بھی یہی پلاسٹک کے تھیلے تھے۔