مہر خبررساں ایجنسی نے عرب ذرائع اور اسپوٹنک کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ سعودی عرب کے ولیعہد محمد بن سلمان نے دورہ امریکہ کے دوران فلسطین کے خلاف بیانات دیئے تھے محمد بن سلمان نے یہودی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ فلسطینی امن قائم کریں یا چپ ہوجائیں۔امریکہ سے واپسی اور ریاض کے شاہی محل پر فائرنگ کے واقعے کے بعد سے ولیعہد محمد بن سلمان لاپتہ ہیں اور انھیں کسی ٹی وی پروگرام میں نہیں دیکھا گیا۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد کچھ روز سے منظرِ عام سے غائب ہیں، اس کی وجہ سے کچھ اخبارات نے ان کی صحت سے متعلق خدشات ظاہر کیے ہیں، میڈیا کے مطابق اکیس اپریل کو ریاض کے شاہی محل کے باہر فائرنگ کے واقعے کے بعد سے ولیعہد محمدبن سلمان لاپتہ ہیں ۔اکیس اپریل کو ریاض میں شاہی محل کے قریب گولیوں اور دھماکوں کی آواز سنی گئی تھی۔ سعودی حکام کے مطابق اکیس اپریل کو ریاض کے شاہی محل کے قریب ایک ڈرون کو بھی دیکھا گیا ۔ سعودی حکام کے مطابق اس واقعے میں سعودی بادشاہ شاہ سلمان کو بھی محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا تھا ۔ ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس واقعہ میں ولیعہد محمد بن سلمان زخمی ہوئے تھے۔ ذرائع کے مطابق اپریل کے او اخر میں امریکہ کے نئے وزیر خارجہ مائیک پمپیو جب ریاض آئے تب بھی ولیعہد محمد بن سلمان کو ٹی وی پر نہیں دیکھا گیا ، تاہم سعودی حکام نے اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے ۔
مبصرین کا خیال ہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان امریکہ میں فلسطین مخالف بیانات کے بعد سے سعودی عرب میں منظرعام پر نہیں آئے اور وہ شاہی محل پر ہونے والے ایک حملے میں زخمی ہوگئے تھے۔ اس خبر کی آزاد ذرائع سے ابھی تک تصدیق نہیں ہوئی ہے اور سعودی عرب کے ذرائع ابلاغ بھی لاپتہ ولیعہد کے بارے میں خاموش ہیں۔