مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے بیت المقدس کو فلسطین کا دارالحکومت قراردیتے ہوئے فرمایا: اللہ تعالی کے فضل و کرم سے سرزمین فلسطین، دشمن کے قبضہ سے آزاد ہوجائےگی۔ امریکہ اور اس کے اتحادی، حقیقت اور الہی سنت کو بدل نہیں سکتے۔
حسینیہ امام خمینی (رہ) میں رمضان المبارک کی مناسبت سے منعقد محفل انس با قرآن منعقد ہوئی جس میں ملک کے ممتاز قاریوں اور حفاظ نے شرکت کی ۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی کی موجودگی میں یہ سراسر نورانی محفل تین گھنٹے تک جاری رہی ۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اس نورانی اور ایمان افروز محفل کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا: مسلمان قرآن مجید کے سائے میں اپنی مشکلات دور کرسکتے ہیں قرآن مجید مسلمانوں کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کا عظیم سرمایہ ہے ۔مسلمان حکمرانوں اور امت مسلمہ کی قرآن مجید سے دوری کے نتیجے میں آج عالم اسلام مشکلات کا شکار ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: فلسطینیوں پر ہونے والے اسرائیلی مظالم پر اسلامی ممالک اور امت مسلمہ کو خاموش نہیں رہنا چاہیے اور بیت المقدس کے سلسلے میں اپنی ذمہ د اریوں پر عمل کرنا چاہیے فلسطین کی آزادی یقینی ہے اور فلسطینی اپنی سرزمین پر ایک دن ضرور آباد ہوں گے اور ان کے دشمنوں کو دنیا اور آخرت ميں شکست اور ناکامی کا سامنا کرنا پڑےگا۔