مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے مشترکہ ایٹمی معاہدے سے خارج ہونے کے اعلان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران مشترکہ ایٹمی معاہدے کو 5 ممالک کے ساتھ جاری رکھےگا اور ایرانی عوام کے مفادات کو نقصان پہنچنے کی صورت ميں مناسب اقدام عمل ميں لائے گا۔
صدر حسن روحانی نے ٹی وی پر عوام سے خطاب کر تےہوئے کہا کہ ایران نے ماضی میں مختلف نشیب و فراز سے کامیابی کے ساتھ عبور کیا ہے اور موجودہ شرائط میں بھی ایران کامیابی کے ساتھ اپنے اہداف کی جانب گامزن رہےگا۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایران میں اقتصادی رشد جاری رہےگا اور اس کے بعد مشترکہ ایٹمی معاہدہ 5 ممالک کے ساتھ جاری رہےگا ۔ صدر حسن روحانی نے کہا کہ انھوں نے ایرانی وزارت خارجہ کو اس سلسلے اہم احکامات جاری کردیئے ہیں۔ صدر حسن روحانی نے کہا کہ اگر مشترکہ ایٹمی معاہدے کو 5 ممالک کے ساتھ جاری رکھنا بھی ممکن نہ ہوا تو اس صورت میں ایرانی عوام کے مفادات کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔
صدر روحانی نے کہا کہ امریکہ نے سرکاری طور پر ثابت کردیا ہے کہ وہ بین الاقوامی معاہدوں کا پابند نہیں ہے۔انھوں نے کہا کہ مشترکہ ایٹمی معاہدہ چند جانبہ معاہدہ ہے دوجانبہ معاہدہ نہیں ہے اور اس معاہدے کو سکیورٹی کونسل کی تائيد حاصل ہے۔ صدر روحانی نے کہا کہ ایران نے ہمیشہ بین الاقوامی معاہدہ کی پاسداری کی ہے۔