مہر خبررساں ایجنسی نے نیویارک ٹائمز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ مشترکہ جوہری معاہدے کی تجدید کا حصہ بننے سے متعلق آج اہم اعلان کریں گے۔ اطلاعات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گروپ 1+5 اور ایران کے درمیان ہونے والے جوہری معاہدے کی 12 مئی کو ہونے والی تجدید کا حصہ رہنے یا علیحدہ ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کا اعلان وہ آج ایک پریس کانفرنس میں کریں گے۔ اس سے قبل برطانیہ اور فرانس نے امریکہ کو راضی کرنے کے لیے کئی بار رابطے کیے تھے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران کے جوہری معاہدے سے علیحدہ ہونے سے متعلق اپنے فیصلے کا اعلان آج منگل کو وائٹ ہاؤس سے کروں گا۔ امریکی صدر اس سے قبل جوہری معاہدے کو ناقص قرار دے کر معاہدے سے علیحدگی کا عندیہ دے چکے ہیں جس پر برطانیہ اور فرانس نے امریکہ کو منانے کی بھی کوشش کی۔