امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ وہ سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) کے ڈائریکٹر کے لیے نامزد خاتون جینا ہسپیل کی مکمل حمایت جاری رکھیں گے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایسوسی ایٹڈ پرس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ وہ سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) کے ڈائریکٹر کے لیے نامزد خاتون جینا ہسپیل کی حمایت جاری رکھیں گے۔صدر ٹرمپ کی طرف سے سی آئی اے کیلئے نامزد کردہ سربراہ جینا ہسپیل نے نامزدگی سے دستبردار ہونے کی کوشش کی ہے۔اس اقدام کی وجہ سی آئی اے میں تحقیقات کے طریق کار میں اْن کے متنازعہ کردار کے حوالے سے تشویش بتائی جاتی ہے۔ ذرائع کے مطابق جینا نے نامزدگی سے دستبردار ہونے کی کوشش کی۔ جینا کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ سی آئی اے میں تحقیقات کے دوران واٹر بورڈنگ جیسی نئی ٹیکنیک کے استعما ل کی زبردست حامی رہی ہیں جسے دنیا بھر میں بدترین تشدد قرار دیتے ہوئے شدید تنقید کی جاتی رہی ہے۔جینا کو اْن کے تحقیقاتی طریقوں کے استعمال کے بارے میں گفتگو کرنے کیلئے وائٹ ہاؤس طلب کیا گیا جہاں اْن کی اہلکاروں سے تفصیلی ملاقات ہوئی۔اطلاعات کے مطابق جینا ہسپیل نے وائٹ ہاؤس کو کہا کہ وہ بدھ کے روز سنیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی میں ہونے والی اْن کی نامزدگی کی توثیق کے سلسلے میں متوقع طور پر سخت اور مشکل سماعت کے پیش نظر دستبردار ہونا چاہیں گی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کیے گئے ایک ٹوئٹ میں کہا گیا تھا کہ سی آئی اے ڈائریکٹر کے لیے میری امیدوار جینا ہسپیل ہیں، جنہیں اس وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے کیونکہ وہ دہشت گردوں کے خلاف کافی سخت رویہ رکھتی ہیں۔