مہر خبررساں ایجنسی نے جنگ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان کے گلوکارعدنان سمیع نے کویتی امیگریشن حکام پر الزام عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ کویت ائرپورٹ پر ان کے اسٹاف کے ساتھ بدتمیزی کی گئی اور انہیں " ہندوستانی کتے " کہا گیا۔ عدنان سمیع کویت میں " لائیوپرفارمنس " کے لیے گئے تھے۔
عدنان سمیع کو کویت میں بھارتی سفارت خانے پر بھی غصہ ہے کیونکہ بقول ان کے جب بھارتی سفارتی عملے سے رابطہ کیا گیا تو وہاں سے بھی کوئی مثبت جواب موصول نہیں ہوا۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا۔ " ہم تمہارے شہر میں محبت بانٹنے آئے اور یہاں تمہارے ہم وطنوں کے ساتھ ایسا سلوک کیا گیا۔لیکن جب آپ سے رابطہ کیا گیا تو آپ نے کچھ نہیں کیا۔کویتی حکام کی یہ جراٗت کہ ہم سے بدسلوکی کریں اور ہمیں " بھارتی کتے" کہیں" ۔
اس کے بعد عدنان سمیع نے اپنے ٹوئٹ کو وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ اور وزیرخارجہ سشما سوراج کو ٹیگ کیا۔سشماسوراج نے اس کا فوری جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’پلیز مجھ سے فون پر بات کریں‘‘۔عدنان سمیع نے حکومت کے فوری اور مثبت جواب کا شکریہ ادا کیا۔