حزب اللہ لبنان نے یمن کی اسلامی تنظیم انصار اللہ کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ صالح علی الصماد کے بہیمانہ اور بزدلانہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری کے سکوت پر شدید تنقید کی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے المنار کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ حزب اللہ لبنان نے یمن کی اسلامی تنظیم انصار اللہ کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ صالح علی الصماد کے بہیمانہ اور بزدلانہ قتل  کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری کے سکوت پر شدید تنقید کی ہے۔ حزب اللہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ شہید صالح الصماد ایک استثنائی انسان تھے جنھوں نے سخت اور دشوار حالات میں اپنی اہم ذمہ داریوں کو حسن و خوبی کے ساتھ انجام دیا اور وہ اپنی آخری سانس تک یمنی عوام کے دفاع کے سلسلے میں مشغول اور مصروف رہے ۔ حزب اللہ لبنان  نے سعودی عرب اور امریکہ کی  مجرمانہ کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ  یمنی عوام کے دشمنوں نے ایک شریف اور بہادر انسان کو اپنی بزدلانہ کارروائی کا نشانہ بنا کر اسے شہید کردیا۔ حزب اللہ نے یمن پر سعودی عرب کے گذشتہ 3 برسوں سے مجرمانہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب کی یمن کے نہتے عوام کے ہاتھوں شکست یقینی ہے ۔