پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے کہا ہے کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف موجودہ حکومت کے اختتام اور ان کے خلاف دائر کرپشن ریفرنسز کے فیصلوں سے قبل ملک سے فرار ہونا چاہتے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ڈان کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری  نے کہا ہے کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف موجودہ حکومت کے اختتام اور ان کے خلاف دائر کرپشن ریفرنسز کے فیصلوں سے قبل ملک سے فرار ہونا چاہتے ہیں۔ طاہر القادری نے سینئر رہنماؤں سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی مدت ختم ہونے سے قبل بیرونِ ملک فرار کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم کو پارٹی کو ڈھال بنانے کے بجائے احتساب عدالت میں اپنی لندن کی جائیداد کے حوالے سے منی ٹریل کا حساب دینا چاہیے۔عوامی تحریک کے سربراہ کا کہنا تھا کہ وہ نام نہاد شیر جو چند روز پہلے ریاستی اداروں کو دھمکیاں دے رہا تھا اب ہتھیار ڈالنا چاہتا ہے، لیکن یہاں بلیک میلرز اور لٹیروں سے مفاہمت نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن سانحے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین اس کیس میں شریف برادران کا انسدادِ دہشت گردی عدالت میں ٹرائل چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نااہل ہونے والا گروپ فوج اور عدلیہ کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہا ہے جیسا کہ انہوں نے ریاستی اداروں کو بلیک میل کرنے کے لیے 1997 اور 1999 میں بھی ایسی کوششیں کی تھیں لیکن وہ اپنے مقصد کو حاصل کرنے میں ناکام ہوگئے تھے۔  طاہر القادری نے کہا کہ  نواز شریف‘ 31 مئی سے قبل ملک سے فرار ہونا چاہتے ہیں۔