مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکہ نے اپنی پروردہ وہابی دہشت گرد اور کالعدم تنظیم طالبان پاکستان کے سربراہ ملا فضل اللہ کی اطلاع دینے پر 50 لاکھ ڈالر انعام کا اعلان کیا ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ اعلان کے مطابق ملا فضل اللہ " تحریک طالبان پاکستان " کا سربراہ ہے، اس دہشت گرد تنظیم نے پاکستانی اور امریکی مفادات کے خلاف متعدد دہشت گرد حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے، ملا فضل اللہ یکم مئی 2010 کو نیو یارک کے ٹائمز اسکوائرمیں دھماکے کی ناکام کوشش، اے پی ایس پشاور پر حملے، پاک فوج کے اہل کاروں کے سر تن سے جدا کرنے اور ملالہ یوسفزئی پر حملے کا بھی ذمہ دار ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے 2015 میں فضل اللہ کو عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کیا تھا۔ امریکی محکمہ خارجہ کے جاری کردہ اعلان میں کہا گیا ہے کہ عبدالولی کی سربراہی میں کام کرنے والی وہابی دہشت گرد تنظیم " جماعت الاحرار" شہری آبادی، مذہبی اقلیتوں اور فوجی اہل کاروں کو ہدف بناتی رہی ہے۔ یہ تنظیم مارچ 2016 میں پشاورمیں امریکی قونصل خانے پر حملے میں بھی ملوث ہے۔ اس کے علاوہ امریکی محکمہ خارجہ نے وہابی کالعدم تنظیم’لشکرِ اسلام کے سربراہ منگل باغ پر بھی انعام کا اعلان کیا ہے۔ اعلان میں کہا ہے کہ منگل باغ کی تنظیم کے کارندے، نیٹو قافلوں پر حملوں کے علاوہ منشیات کی اسمگلنگ، اغوا برائے تاوان، پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ پر بھتہ وصول کرتے ہیں۔امریکی محکمہ خارجہ نے اعلان میں کہا ہے کہ " ریوارڈ فار جسٹس پروگرام " کے تحت ملا فضل اللہ کے بارے میں اطلاع دینے پر 50 لاکھ ڈالر (55 کروڑ روپے) جب کہ عبدالولی اور منگل باغ کی اطلاع دینے پر 30،30 لاکھ ڈالر۔کا انعام دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ملا فضل اللہ، عبد الولی اور منگل باغ دہشتگرد کارروائیوں کی وجہ سے پاکستان کو بھی مطلوب ہیں اور یہ تینوں افراد پاکستان سے ملحقہ افغان علاقوں میں چھپے ہوئے ہیں ۔ ذرائ کے مطابق پاکستان اور افغانستان میں وہابی دہشت گرد تنظیموں کی داغ بیل سب سے پہلے امریکہ اور سعودی عرب نے ڈالی تھی اور امریکہ آج بھی خطے میں اپنی فوجی موجودگی کو باقی رکھنے کے لئے وہابی دہشت گرد تنظیموں کی سرپرستی کررہا ہے۔ امریکہ اب داعش کو بھی شام اور عراق سے جمع کرکے افغانستان اور پاکستان میں منتقل کررہا ہے۔
اجراء کی تاریخ: 9 مارچ 2018 - 11:42
امریکہ نے اپنی پروردہ وہابی دہشت گرد اور کالعدم تنظیم طالبان پاکستان کے سربراہ ملا فضل اللہ کی اطلاع دینے پر 50 لاکھ ڈالر انعام کا اعلان کیا ہے۔