مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل نمائندے غلام علی خوشرو نےاقوام متحدہ کے امن مشن کی خصوصی کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اقوام متحدہ کے امن مشن میں تعاون فراہم کرنے، فوج ، پولیس اور فوجی مبصر بھیجنے کے لئے آمادہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایران اقوام متحدہ کے منشور اور اہداف کے مطابق اقوام متحدہ کے امن مشن میں بھر پور تعاون کے لئے آمادہ ہے اور اقوام متحدہ کے امن مشن میں شامل سکیورٹی دستوں کو اپنے تحفظ کے علاوہ طاقت کے استعمال کی اجازت نہیں ہے ، ان کا کام کسی کی طرفداری کئے بغیر امن کے قیام میں مدد فراہم کرنا ہے۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے کہا کہ دوسرے ممالک کی ارضی سالمیت، استقلال ،آزادی اور عدم مداخلت کے احترام پر خصوصی توجہ مبذول کرنی چاہیے ۔ ایرانی نمائندے نے بعض ممالک میں اقوام متحدہ کے امن مشن میں شامل سکیورٹی اہلکاروں کی غلط اور غیر اخلاقی رفتار کو اقوام متحدہ کے لئے بدنامی کا باعث قراردیتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی رفتار سے دنیا میں اقوام متحدہ کی حیثیت مخدوش ہوجاتی ہے لہذا اقوام متحدہ کے امن مشن میں شامل سکیورٹی اہلکاروں کے اخلاقیات پر بھی توجہ مبذول کرنی چاہیے۔