مہر خبررساں ایجنسی نے شینہوا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ چین کی وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ امریکہ سرد جنگ کی ذہنیت سے باہر آئے اوراسے امن و صلح مخالف سمت کی جانب بھاگنے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔
اطلاعات کے مطابق امریکی جوہری پالیسی پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے چین کی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی وزارتِ دفاع نے اپنی رپورٹ میں چین کی ترقی اور اس کی جوہری قوت کے خطرے کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جو سراسر الزام اور غلط ہے۔ چین نے ہمیشہ جوہری ہتھیاروں کی تیاری میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا اور اپنی قومی سلامتی کی ضرورت کے حساب سے اپنی صلاحیت کو کم سے کم حد تک محدود رکھا، چین امریکی وزارت دفاع کی جانب سے جاری کی جانے والی نیوکلیئرنظرثانی پالیسی کی سختی کے ساتھ مخالفت کرتا ہے۔ چینی وزارتِ دفاع کے ترجمان رین گوکیانگ کے مطابق دنیا میں طاقتور اور وسیع جوہری اسلحہ خانہ رکھنے والا امریکہ سرد جنگ کی ذہنیت سے باہر آئے اور امن کی راہ پر گامزن دنیا کے ساتھ چلے اور امریکہ کو امن و صلح کی مخالف سمت میں بھاگنے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔