مہر خبررساں ایجنسی نے القدس العربی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ قطر کے وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے سعودی عرب کی معاندانہ پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب خطے میں عدم استحکام پیدا کررہا ہے اور سعودی عرب کے ناپاک عزائم کے سامنے قطر ہر گز تسلیم نہیں ہوگا۔
قطر کے وزیر خارجہ نے کہا کہ قطر نے سعودی عرب کی تسلط پسندانہ پالیسی کو ناکام بنادیا ہے اور آئندہ بھی سعودی عرب کے سامنے کسی بھی قیمت پر تسلیم نہیں ہوگا۔
قطر کے وزیر خارجہ نے کہا کہ قطر کا اپنا تشخص اور اپنی تاریخ ہے اور قطری عوام اپنے دفاع کے لئے بالکل آمادہ ہیں۔
قطر کے وزیر خارجہ نے کہا کہ قطر بحران کو مذاکرات کے ذریعہ حل کرنے کا خواہاں ہے لیکن سعودیوں سے بھی سوال کرنا چاہیے کہ وہ بھی مذاکرات کے حامی ہیں یا نہیں؟
قطر کے وزير خارجہ نے لبنان ، بحرین اور یمن کی صورتحال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب خطے میں عدم استحکام پیدا کرکے اپنا تسلط قائم کرنا چاہتا ہے حالانکہ مسائل اور مشکلات کو حل کرنے کا بہترین راستہ جنگ نہیں بلکہ مذاکرات ہیں۔