مصری فوج نے اپنے سابق فوجی سربراہ سامی عنان کو گرفتار کرلیا ہے جو آئندہ عام انتخابات میں صدر عبدالفتح السیسی کے خلاف مہم چلانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایسوسی ایٹڈ پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ مصری فوج نے اپنے سابق فوجی سربراہ  سامی عنان کو گرفتار کرلیا ہے جو آئندہ عام انتخابات میں صدر عبدالفتح السیسی کے خلاف مہم چلانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔اطلاعات کے مطابق مصر کے سابق فوجی سربراہ سامی عنان کو مسلح افواج کو بغاوت پر اکسانے کا الزام لگا کر گرفتار کیا گیا ہے اوراسے عبدالفتح السیسی کے صدارتی مقابلے کی دوڑ سے باہر کردیا گیا ہے۔ خیال کیا جارہا تھا کہ سامی عنان عبدالفتح السیسی کے صدارتی مقابلے میں سخت حریف ہیں لیکن ان کو راستے سے ہٹانے کے بعد امکان ہے کہ 26 سے 28 مارچ تک ہونے والے صدارتی انتخابات میں مصری صدر کامیابی حاصل کریں گے۔

اس حوالے سے ایک سیکیورٹی اہلکار کا کہنا تھا کہ سامی عنان کے حوالے سے ابتدائی طور پر یہ معلوم ہوا ہے کہ انہیں فوج کی طرف سے حراست میں لیا گیا ہے جبکہ فوج کے سرکاری ذرائع ابلاغ پر بیان کے بعد انہیں رہا کردیا جائے گا۔