جرمنی، نیدرلینڈز اور بیلجیئم میں آندھی اور طوفان سے درخت اور مکانوں کی چھتیں اکھڑ گئیں جس کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے غیر ملکی ذراغع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ جرمنی، نیدرلینڈز اور بیلجیئم میں آندھی اور طوفان سے درخت اور مکانوں کی چھتیں اکھڑ گئیں جس کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق  نیدرلینڈز سمیت مختلف یورپی ممالک کی شاہر اہوں پر سیکڑوں ٹرالر الٹ گئے، حادثات میں خاتون اور 2 فائر فائٹرز سمیت9 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے .

یورپ تیز طوفانی ہواؤں کے جھکڑوں کی لپیٹ میں آگیا۔ نیدر لینڈ میں طوفانی ہواؤں نے کئی درخت جڑوں سے اکھاڑ دیے۔سڑکوں پر چلنے والے بھاری بھرکم ٹرک اور کنٹینر ہوا کے زور سے الٹ گئے۔ 140 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے باعث طیارے بھی فضا میں ڈانواں ڈول ہوتے رہے۔ طوفانی ہواؤں کے باعث نیدرلینڈ سے جرمنی کے درمیان ٹرین سروس معطل کردی گئی ہے۔