مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگآر کی رپورٹ کے مطابق شام کی پارلیمنٹ کے اسپیکر حمودہ یوسف صباغ نے بین الاقوامی امور میں رہبر معظم انقلاب اسلامی کے مشیر ڈاکٹر علی اکبر ولایتی کے ساتھ ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شام کی حمایت پر ایرانی عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو شام کی تعمیر نو میں بنیادی اور اساسی کردار ادا کرنا چاہیے۔ شامی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ ایرانی بھائیوں نے شام کی ارضي سالمیت اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شامی عوام کی بھر پور حمایت کی اور شامی سرزمین کے تحفظ کے لئے اپنا خون دیا اور بے نظیر قربانیاں پیش کی ہیں۔ شامی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے ایرانی حکام کے ساتھ ملاقاتوں کو مؤثر قراردیتے ہوئے کہا کہ رہبر معظم انقلاب اسلامی سے ملاقات میں سکون نصیب ہوا اور ان کے خطاب سے بہت بڑی راہنمائی حاصل ہوئی۔ حمودہ یوسف صباغ نے کہا کہ ایران اور شام نے ملکر خطے میں دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنادیا ہے۔
اس ملاقات میں ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے شام کو برادر اور دوست ملک قراردیتے ہوئے کہا کہ ایرانی حکومت اور عوام شام کی ارضی سالمیت ، ترقی اور حوشخالی کے سلسلے میں ہر قسم کی مدد کرنے کے لئے تیار ہیں۔ اور انقلاب اسلامی کی کامیابی کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات کو وسیع پیمانے پر فروغ ملا ہے۔