مسلم لیگ (ق) سے تعلق رکھنے والے میر عبدالقدوس بزنجو پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے نئے وزیراعلیٰ منتخب ہوگئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایکسپریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ مسلم لیگ (ق) سے تعلق رکھنے والے میر عبدالقدوس بزنجو پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے نئے وزیراعلیٰ منتخب ہوگئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق اسپیکر راحیلہ حمید درانی کی زیر صدارت بلوچستان اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ق لیگ کے عبدالقدوس بزنجو کو 16 واں قائد ایوان منتخب کرلیا گیا۔ اپوزیشن اتحاد کے حمایت یافتہ عبدالقدوس بزنجو کو 41 ووٹ ملے جب کہ آغا سید لیاقت علی کو صرف 13 ووٹ ملے، 11 ارکان نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔ 65 رکنی ایوان میں وزیراعلیٰ منتخب ہونے کے لیے 33 ووٹ درکار ہوتے ہیں۔

نو منتخب وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں ہوئی جہاں گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے عبدالقدوس بزنجو سے حلف لیا۔ بعد ازاں 14 رکنی نئی صوبائی کابینہ نے بھی حلف اٹھایا۔ حلف اٹھانے والوں میں سرفرازبگٹی، سرفرازڈومکی، نواب جنگیزمری، عبدالماجدابڑو، عاصم کرد، منظورکاکڑ،سید محمد رضا، پرنس احمدعلی،  اکبر آسکانی، دستگیر بادینی، طاہرمحمود، عامر رند، جعفرمندوخیل اور راحت جمالی شامل ہیں۔