امریکہ نے پاکستان سے ہر قسم کا سکیورٹی تعاون معطل کرنے کا اعلان کردیا جس کے تحت پاکستان کو فوجی سازو سامان اور مالی امداد فراہم نہیں کی جائے گی۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایسوسی ایٹڈ پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکہ نے پاکستان سے ہر قسم کا سکیورٹی تعاون معطل کرنے کا اعلان کردیا جس کے تحت پاکستان کو فوجی سازو سامان اور مالی امداد فراہم نہیں کی جائے گی۔ امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان ہیدر نورٹ نے پریس بریفنگ میں کہا ہے کہ اب پاکستان کو نہ تو فوجی سازو سامان دیا جائے گا اور نہ  سکیورٹی کی مد میں فنڈ فراہم کیا جائےگا، انتظامیہ پاکستان کی امداد میں کٹوتی کا تخمینہ لگارہی ہے کہ کتنے ملین ڈالر کاٹے جارہے ہیں۔ ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان کی امداد فیصلہ کن اقدامات پر بحال ہوسکتی ہے، اور یہ تب ہی ہوگا جب پاکستان حقانی نیٹ ورک  اور افغان طالبان کے خلاف فیصلہ کن کارروائیاں کرے گا کیوںکہ یہ گروپ خطے کو عدم استحکام سے دو چار کررہے ہیں اور افغانستان میں ہم  پر حملوں میں ملوث ہیں۔ واضح رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے اس سے  قبل پاکستان کی 255 ملین ڈالر امداد روکنے کا اعلان کیا تھا، اقوام متحدہ میں امریکہ کی مستقل مندوب نکی ہیلی نے امداد روکے جانے کی تصدیق کی ہے۔