مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے بین الاقوامی سطح پرپابندیوں کے باوجود شمالی کوریا کوتیل کی فراہمی جاری رکھنے پرچین کو دھمکی دی ہے۔ امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے چین پرشمالی کوریا کوتیل سپلائی کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ چین شمالی کوریا کو تیل فراہم کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے، شمالی کوریا کو تیل کی سپلائی بین الاقوامی پابندیوں کی خلاف ورزی ہے، چین کی جانب سے خلاف ورزی شمالی کوریا کے مسئلے کا دوستانہ حل نہیں ہے جس سے امریکہ کا رویہ مزید سخت ہوسکتا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ چین شمالی کوریا کے حوالے سے ہماری مدد نہیں کرتا تواس کے خلاف وہ تمام اقدامات عمل میں لائے جاسکتے ہیں جن کے بارے میں امریکہ پہلے ہی آگاہ کرچکا ہے۔
ادھر چین نے ٹرمپ کا شمالی کوریا کو تیل منتقلی کا الزام مسترد کردیا ہے۔ چین کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چین اپنے شہریوں اورکمپنیوں کو اقوام متحدہ کی قرارداد کے خلاف سرگرمیوں کی اجازت نہیں دیتا۔