فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی فضائی بمباری سے 2 بچوں سمیت 4 افراد شہید اور 300 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں جب کہ گزشتہ دو دن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے فلسطینیوں کی تعداد 6 تک پہنچ گئی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے فلسطین الیوم کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی فضائی بمباری سے 2 بچوں سمیت 4 افراد شہید اور 300 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں جب کہ گزشتہ دو دن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے فلسطینیوں کی تعداد 6 تک پہنچ گئی ہے۔امریکہ کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینے اور اپنا سفارت خانہ منتقل کرنے کے اعلان کے بعد مقبوضہ فلسطین میں صورت حال مزید بگڑ گئی ہے، گزشتہ چار روز سے غزہ اور مغربی کنارے میں اسرائیل کے خلاف احتجاج کا سلسلہ مزید تیز ہوگیا ہے۔ اسرائیل نے فلسطینی علاقوں پر بمباری شروع کردی ہے جس کے نتیجے میں سیکڑوں افراد شہید اور زخمی ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز مغربی کنارے میں بیت اللحم، رملہ اور الخلیل سمیت مختلف شہروں میں ہزاروں فلسطینیوں نے احتجاج کیا، اسرائیلی پولیس نے نہتے فلسطینیوں پر آنسوں گیس کی شیلنگ،لاٹھی چارج اور ربڑ کی گولیاں برسانے کے علاوہ براہ راست فائرنگ بھی کی، جس کے نتیجے میں 2 فلسطینی شہید جب کہ 300 سے زائد زخمی ہوئے، اس کے علاوہ درجنوں فلسطینیوں کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرکے مشرق وسطی میں انتفاضہ کی آگ کو مزيد شعلہ ور کردیا ہے۔