مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے امریکی صدر کے اعلان کے خلاف عراق اردن، ترکی ، ایران ، شام ، لبنان، فلسطین ، انڈونیشیا، ملائشیا ، افغانستان، پاکستان اور دوسرے مسلمان ممالک میں مسلمانوں نے احتجاجی مظاہرے شروع کردیے ہیں اور امریکی صدر کے فیصلے کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کیا جارہا ہے۔
فلسطینی تنظیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی اپیل پر ملک بھر میں امریکی فیصلے کے خلاف یومِ غضب منایا جارہا ہے، غزہ میں فلسطینیوں اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان جھڑپوں اور احتجاجی مظاہرین پر صیہونی فوج کے تشدد اور فائرنگ کے نتیجے میں 31 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ امریکہ، برطانیہ، یورپی اور ایشیائی ممالک سمیت دنیا بھر میں بسنے والے مسلمان امریکی صدر کے فیصلے کے خلاف احتجاجی مظاہرے کررہے ہیں جب کہ مظاہرین کی جانب سے امریکی اقدام کے خلاف شدید نعرے بازی کے ساتھ ساتھ فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ ایران کے دارالحکومت تہران میں نماز جمعہ کے بعد عظیم مظاہرہ کیا گیا جس میں امریکی پرچم اور امریکی صدر کے پتلے کو نذر آتش کیا گیا۔