مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے مالک اشتر سمینار میں شریک اعلی فوجی افسروں اور کمانڈروں سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا: وم اور ملک کو دشمن کے خطرات سے محفوظ رکھنے کے لئے مسلح افواج کو بہترین افرادی قوت کی ضرورت ہے ۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے مسلح افواج کی صلاحیتوں اور توانائیوں میں روزبروز اضافہ کرنے پر تاکید کرتے ہوئےفرمایا: مسلح افواج کو فکری ، عملی اور عزم و ارادہ کے لحاظ بہترین افرادی قوت کی ضرورت ہے تاکہ وہ قوم کو دشمنوں کے آسیب اور خطرات سے محفوظ رکھ سکیں۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے مالک اشتر سمینار کو مسلح افواج کے فکری اور عملی فروغ کے سلسلے میں اہم قدم قراردیتے ہوئے فرمایا: مالک اشتر حضرت علی علیہ السلام کے آزمودہ ، ماہر اور تجربہ کار کمانڈر تھے جنھوں نے بصیرت، عزم راسخ ، صراط مستقیم کی شناخت ، ذمہ داری کا احساس ، شجاعت ، قدرت اور عبادت کے میدان میں شاندار نمونے قائم کئے ہیں ہماری مسلح افواج کو حضرت علی علیہ السلام کے اس کمانڈر کو اپنا نمونہ عمل قراردینا چاہیے اور مختلف شعبوں میں اپنی توانائیوں کو مضبوط اور مستحکم بنانے پر توجہ مبذول کرنی چاہیے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی کے خطاب سے قبل مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف جنرل محمد باقری نے مالک اشتر کے آٹھویں سمینار کے بارے میں رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج کے 52 اعلی کمانڈروں کو ان کی لیاقت اور کارکردگی کی بنا پر اعزازات سے نوازا گیا ہے جن میں سر فہرست سپاہ قدس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی ہیں۔