مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے تینوں قوا کے سربراہان اور بعض دیگر اعلی حکام کے ساتھ ملاقات میں حالیہ زلزلہ میں کرمانشاہ کے عوام کے ساتھ ایک بار پھر ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا: ہم اس غم میں صوبہ کرمانشاہ کے دلیر اور شجاع عوام کے ساتھ شریک ہیں ۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں اعلی حکام کی موجودگی اور امداد رسانی کے امور پر دقیق نظارت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا: ہمدردی اور امداد رسانی کا عمل پوری قوت اور قدرت کے ساتھ جاری رہنا چاہیے اور زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں درپیش مشکلات کو برطرف کرنے کے سلسلے میں کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرنا چاہیے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: زلزلے میں جان بحق ہونے والے عزیزوں کا داغ سخت ہے اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ جاں بحق ہونے والوں پر اپنی رحمت اور مغفرت نازل فرمائے اور ان کے پسماندگان کو صبر جمیل مرحمت فرمائے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: ایرانی قوم ، حکومت اور تمام ادارے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں صدر محترم نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ان شاء اللہ اس ہمدردی اور امداد رسانی کا سلسلہ پوری قوت اور قدرت کے ساتھ جاری رہےگا۔
اس ملاقات میں صدر حسن روحانی نے زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کے دورے اور جانی و مالی نقصانات کے بارے میں رپورٹ پیش کی اور زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں سول اور فوجی اداروں کی طرف سے امدادرسانی کے عمل کی تعریف اور قدردانی کی۔