مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان کی ریاست مانی پور میں بم دھماکے میں 3 فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئےہیں۔ اطلاعات کے مطابق ریاست مانی پور کے ضلع چندیل میں ہونے والے بم دھماکے میں اب تک 3 فوجی ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ 6 شدید زخمی حالت میں زیرعلاج ہیں۔ ہندوستانی فوجی حکام کے مطابق میانمار کی سرحد کے قریب مانی پور ریاست کے ضلع چندیل میں ڈسٹرک کونسل کے سامنے دھماکہ ہوا۔ ریموٹ کنٹرول بم سڑک کنارے نصب کیا گیا تھا جس کے ذریعہ فوجی اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا۔
حکام کے مطابق دھماکہ صبح 6 بجے ہوا جب اہلکار معمول کے گشت پر تھے۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ دور دور تک اس کی آواز سنائی دی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی قریبی اضلاع کی اضافی فوجی نفری کو طلب کرلیا گیا۔ علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔