رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے ایرانی حجاج کے سرپرست اور حج انتظامیہ کے اہلکاروں سے ملاقات میں فرمایا: کہ حجاج کی حج سے خیر و عافیت اور سلامتی کے ساتھ واپسی ہمارے لئے یوم عید کے مانند ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے  ایرانی حجاج کے سرپرست اور حج انتظامیہ کے اہلکاروں سے ملاقات میں فرمایا: حجاج کی حج سے خیر و عافیت اور سلامتی کے ساتھ واپسی ہمارے لئے یوم عید کے مانند ہے۔رہبر معظم نے فرمایا: صحت و سلامتی کے ساتھ حجاج کی حج سے وطن واپسی کا دن درحقیقت عید اور جشن و سرور کا دن ہے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے حجاج کی عزت ، تکریم ، احترام اور سلامتی کو اہم قراردیتے ہوئے فرمایا: موصولہ اطلاعات کے مطابق اس سال حج کے دوران عزت و اکرام و احترام کے سلسلے میں اکثر حجاج راضی تھے اگر چہ بعض موارد میں منفی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف ایک وسیع پروپیگنڈے، سرگرم اور فعال محاذ کی منفی تبلیغات اور بیشمار وسائل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: اسلامی نظام دشمن کی وسیع تبلیغات کا مقابلہ کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتا ہے اور حج دشمن کی تبلیغات کو غیر مؤثر بنانے کی بہترین جگہ ہے۔

اس ملاقات میں نمائندہ ولی فقیہ اور ایرانی حجاج کے سرپرست حجۃ الاسلام والمسلمین قاضی عسکری نے اس سال حج کے بارے میں جامع رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس سال حج میں قومی اور اسلامی ہمبستگي اور اتحاد کے موضوع کے فروغ پر زیادہ سے زیادہ توجہ دی گئی۔