مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے ترک فوج کے چیف آف اسٹاف جنرل خلوصی آکارکے ساتھ ملاقات میں ایران اور ترکی کو خطے میں امن و ثبات اور استحکام کا لنگر قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ سرحدوں میں کسی بھی قسم کی تبدیلی سے خطے میں عدم استحکام پیدا ہوگا۔
صدر حسن روحانی نے ترکی اور ایران کو دو دوست ، برادر اور اسلامی ممالک قراردیتے ہوئے کہا کہ ایران اور ترکی کے سیاسی ،ثقافتی اور اقتصادی شعبوں میں تعلقات بہترین سطح پر ہیں اور ہمیں دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون کو بھی بہترین سطح تک پہنچانے کی تلاش وکوشش کرنی چاہیے۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ ترکی اور ایران کو غیر علاقائی طاقتوں اور اغیار کی طرف سے خطرات کا سامنا ہے جس میں دہشت گردی اور سرحدوں کی تبدیلی کا مسئلہ بھی شامل ہے لہذا دونوں ممالک باہمی تعاون کے ساتھ ان خطرات کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔
اس ملاقات میں ترک جنرل نے ایران کو دوست اور برادر ملک قراردیتے ہوئے کہا کہ خطے کے امن کے لئے ایران کا مثبت کردار لائق تحسین اور قابل تعریف ہے اور دونوں ممالک باہمی تعاون سے خطے میں پائدار امن کو برقرار رکھنے میں اپنا اہم نقش ایفا کرسکتے ہیں۔