بحراوقیانوس میں بننے والا خوفناک سمندری طوفان " ارما" امریکی ریاست فلوریڈا سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں اب تک 3 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایسوسی ایٹڈ پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بحراوقیانوس میں بننے والا خوفناک سمندری طوفان " ارما" امریکی ریاست فلوریڈا سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں اب تک 3 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے۔ ریاستی انتظامیہ نے سیلاب کے خطرے کے پیش نظر 63 لاکھ افراد کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کردی تھیں اور کہا تھا کہ طوفان کے دوران ساحلی علاقوں میں رہنا خودکشی کرنے کے مترادف ہے۔ تیز ہواؤں اور بارش کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے جبکہ 6 لاکھ افراد بجلی سے محروم ہیں۔ فلوریڈا میں ’’ارما‘‘ طوفان کی وجہ سے انتظامیہ  نے ریاست کی ایک تہائی آبادی کو انخلا کرنے کا حکم دیا جس کے بعد 63 لاکھ افراد نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوگئے۔ طوفان کی وجہ سے شدید بارش ہورہی ہے اور 130 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا کے تیز جھکڑ چل رہے ہیں جو اپنی زد میں آنے والی ہر شئ کو تہس نہس کررہے ہیں جب کہ ساحل پر بھی سطح سمندر میں اضافہ ہوگیا ہے اور 5 سے 10 فٹ تک لہریں بلند ہورہی ہیں جس کے باعث سیلاب کا خدشہ ہے۔ امریکہ کے محکمہ  موسمیات  کے مطابق ’’ارما‘‘ سے انتہائی خطرناک اور جان لیوا صورتحال کا اندیشہ ہے۔