مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستانی ریاست بہار ، اترپردیش اور آسام میں سیلاب کے نتیجے میں اب تک 656 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق صرف بہارمیں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 42افراد ہلاک ہوگئے، وزیراعظم مودی نےسیلاب متاثرین کے لئے 500 کروڑ کے پیکیج کا اعلان کیاہے۔ہندوستانی سرکارکے اعداد و شمار کے مطابق بہار میں ہلاکتوں کی تعداد سب سے زیادہ رہی، وہاں 482 افرد ہلاک ہوئے، اتر پردیش میں 101 جبکہ آسام میں تازہ سیلاب نے 73 افراد کی جان لے لی۔سرکاری کے اعداد و شمار کے مطابق ریاست بہار کے 19 اضلاع میں تقریبا 1کروڑ 75 لاکھ افراد سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ 1لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد 222 عارضی کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔اطلاعات کے مطابق ضلع اڑریہ میں 95 ،سیتا مڑھی میں 46،پورنیہ میں 44،کٹیہار میں 40، مغربی چمپارن میں36، مشرقی چمپارن میں 32، دربھنگہ میں30، مدھوبن میں28، مدھیہ پورہ میں25، کشن گنج میں24، گوپال گنج میں20، سپول میں 16، سارن میں 13افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔بھارتی میڈیارپورٹ کے مطابق آسام میں رواں سال کاتیسرا سیلاب آیا ہے، مجموعی طور پر سیلاب سے 150 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ بہار اور آسام سے ملحق ریاست مغربی بنگال میں سیلابی پانی کم ہورہا ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی نے ریاست کے وزیر اعلی نتیش کمار کے ساتھ بہار کے سیلاب زدہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا اور اس حوالے سے منعقعدہ اجلاس کے دوران سیلاب زدگان کی امداد کے لیے 500 کروڑ روپے کے پیکج کا اعلان کیا۔
اجراء کی تاریخ: 29 اگست 2017 - 00:36
ہندوستانی ریاست بہار ، اترپردیش اور آسام میں سیلاب کے نتیجے میں اب تک 656 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔