ہندوستان کے معروف خود ساختہ مذہبی رہنما اور ریاست ہریانہ میں قائم ڈیرا سچا سودا آرگنائزیشن کے سربراہ گرومیت رام رحیم کو خواتین مریدوں کے ریپ کا جرم ثابت ہونے پر 10 برس قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان کے معروف خود ساختہ مذہبی رہنما اور ریاست ہریانہ میں قائم ڈیرا سچا سودا آرگنائزیشن کے سربراہ گرومیت رام رحیم کو خواتین مریدوں کے ریپ کا جرم ثابت ہونے پر 10 برس قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔ گرومیت رام رحیم پر 25 اگست کو فرد جرم عائد کی گئي تھی ، جس کے بعد ہریانہ پولیس نے ان کو حراست میں لے کر روہتک جیل منتقل کردیا تھا۔ واضح رہے کہ گرومیت رام رحیم کی ایک عقیدت مند خاتون نے 2002 میں اُس وقت کے ہندوستانی وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کو خط لکھ کر گرو کی جانب سے ریاست ہریانہ کے قصبے سِرسا میں واقع ہیڈکوارٹرز میں خود سمیت دیگر خواتین کے ریپ کا الزام عائد کیا تھا۔ گذشتہ 15 سال سے جاری اس کیس کی 200 سماعتوں اور ہائی کورٹ کی جانب سے متعدد حکم امتناع جاری ہونے کے بعد گورمیت رام رحیم پر گذشتہ ہفتے 25 اگست کو فرد جرم عائد کی گئی تھی۔ گرومیت پر فرد جرم عائد کیے جانے کے بعد مختلف علاقوں میں ہنگامے پھوٹ پڑے تھے اور پرتشدد واقعات میں 30 سے زائد افراد ہلاک اور 250 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ اس حوالے سے سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کی تحقیقات جاری ہیں، تاہم گرو نے ان الزامات کی تردید کردی تھی۔