مہر خبررساں ایجنسی نے ڈان کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان میں نواز شریف کے نااہل قرار ہونے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے امیدوار شاہد خاقان عباسی پاکستان کے نئے وزیراعظم منتخب ہوگئے ہیں۔اسپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں نئے وزیراعظم کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ہوئی۔ مسلم لیگ (ن) کے شاہد خاقان عباسی نے 221، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سید نوید قمر نے 47، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور مسلم لیگ (ق) کے مشترکہ امیدوار شیخ رشید احمد نے 33 جبکہ جماعت اسلامی کے صاحبزادہ طارق اللہ نے 4 ووٹ حاصل کیے۔وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد شاہد خاقان عباسی نے اپوزیشن نشستوں پر جا کر اراکین سے مصافحہ کیا۔ شاہد خاقان عباسی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے اپنی جماعت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کہ آج ملک میں سیاست گالی بن چکی ہے، ہمیں آئین کے مطابق ملک کو آگے لے کر چلنا ہے، ایوان ایک کشتی ہے، چھید ہوا تو سب ڈوب جائیں گے، 45 دن کے لیے آیا ہوں لیکن 45 مہینے کا کام کروں گا، جبکہ الزام لگانے والے سامنے آئیں احتساب کے لیے تیار ہوں۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے نواز شریف کو بطور وزیر اعظم نااہل قرار دیئے جانے کے بعد پاکستان کے صدر ممنون حسین نے نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کیا تھا۔
نواز شریف کے وزارت عظمیٰ کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد ہفتہ (29 جولائی) کو مسلم لیگ (ن) نے اس عہدے کے لیے شہباز شریف کے نام کا اعلان کردیا تھا تاہم فوری طور پر شاہد خاقان عباسی کو عبوری وزیراعظم نامزد کیا گیا.