قطر کے وزير خارجہ نے سعودی عرب اور اس کے تین عرب حامی ممالک کے مطالبات کو ایک بار پھر رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اخوان المسلمین تنظیم دہشت گرد نہیں اور نہ ہی الجزیرہ ٹی وی بند کیا جائےگا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے رائے الیوم کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ قطر کے وزير خارجہ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے سی ای این کے ساتھ گفتگو میں سعودی عرب اور اس کے تین عرب حامی ممالک کے 13 مطالبات کو ایک بار پھر رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اخوان المسلمین تنظیم دہشت گرد نہیں اور نہ ہی الجزیرہ ٹی وی بند کیا جائےگا۔ قطر کے وزیر خارجہ نے کہا کہ اگر 4 عرب ممالک کے 13 مطالبات پر غور کیا جائے تو ان کے مطالبات یا اظہار رائے کے خلاف ہیں یا انسانی حقوق کے خلاف ہیں یا بین الاقوامی قوانین کے خلاف ہیں یا خود قطر کی حاکمیت کے خلاف ہیں۔ اس نے کہا الجزیرہ کی بندش کا مطالبہ اظہار رائے کے خلاف ہے اخوان المسلمین اور دیگر پناہ لینے والے گروہوں کے اخراج کا مطالبہ انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔ ترکی کے فوجی اڈے کو بند کرنے اور ایران کے ساتھ  سفارتی تعلقات کم کرنے کا مطالبہ بین الاقوامی قوانین اور قطر کی حاکمیت کے خلاف ہیں۔ قطر کے وزیر خارجہ نے کہا کہ قطر مذاکرات کا حامی ہے لیکن کسی کی دھونس میں ہر گز نہیں آئے گا۔