سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ترجمان نے شام کے صوبہ دیر الزور میں دہشت گردوں کے ٹھکانے پر میزائل حملوں کو کامیاب قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے تہران میں دہشت گردوں کے حملوں کا سخت انتقام لیتے ہوئے ان کے کمانڈ سینٹر کو تباہ کردیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی  کی رپورٹ کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ترجمان جنرل شریف  نے شام کے صوبہ دیر الزور میں دہشت گردوں کے ٹھکانے پر میزائل حملوں کو کامیاب قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے تہران میں  دہشت گردوں کے حملوں کا  سخت انتقام لیتے ہوئے ان کے کمانڈ سینٹر کو تباہ کردیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایرانی میزائل حملوں نے داعش کے کمانڈ سینٹر اور ان کے ہتھیاربنانے کے مراکز کو نشانہ بنا کر تباہ کردیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایران کا دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کو یہ واضح پیغام ہے کہ ایران دہشت گردی کے خلاف اقدام میں بالکل سنجیدہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایران نے سنی نشین صوبوں کردستان اور کرمانشاہ  سے میزائل فائر کرکے باہمی اتحاد کا مظاہرہ کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ داعش کے ٹھکانوں پر میزائلوں سے حملہ ایک معمولی اور چھوٹا سا تنبیہی اقدام ہے۔۔ ایرانی شہروں سے داغے گئے میزائلوں سے داعش کے مقامی ہیڈ کواٹر، بمبارگاڑیاں بنانے والی ایک فیکٹری اور دیگر مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے مطابق  شام میں داعش کے ٹھکانوں پر داغے گئے میزایل درمیانے فاصلے تک مار کرنے کی صلاحیت کے حامل تھے جنہیں کرمان شاہ اور کردستان سے داغا گیا۔واضح رہے کہ ایران کا شام میں داعش کے ٹھکانوں پر براہ راست میزائل حملوں کا یہ پہلا واقعہ ہے ایران نے پارلیمنٹ کے آفس سیکشن اور حضرت امام خمینی (رہ) کے مزار پر دہشت گردوں کے حملے کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔