مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر انٹیلیجنس حجۃ الاسلام والمسلمین سید محمود علوی نے کہا ہے کہ دارالحکومت تہران میں حالیہ دہشت گردانہ حملوں کے ماسٹر مائنڈ اور سرغنہ کو امام زمانہ کے گمنام سپاہیوں نے ہلاک کردیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ گذشتہ ایک ماہ میں ایرانی سکیورٹی فورسز نے متعدد دہشت گرد ٹیموں کو گرفتار کیا اگر کبھی ہر ماہ میں ہم ایک یا دو دہشت گرد ٹیموں کو گرفتار کرتے تھے یا ہفتہ میں ایک دہشت گرد ٹیم کو گرفتار کرتے تھے تو گذشتہ ماہ میں ہم روزانہ کی بنیاد پر دہشت گرد ٹیموں کو گرفتار کررہے تھے امام زمانہ (عج) کے گمنام سپاہیوں نے اس سلسلے متعدد دہشت گردانہ حملوں کو وقت سے پہلے ہی ناکام بنادیا ، لیکن اسے عوام میں خوف و ہراس پھیلنے کے خدشے کی وجہ سے عام نہیں کیاگیا۔ انھوں نے کہا کہ ایران کی پارلیمنٹ اور حضرت امام خمینی (رہ) کے مزار پر فائرنگ اور خودکش دھماکوں کا ماسٹر مائنڈ اور اہم کمانڈر ایرانی سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں مارا گیا جبکہ دہشت گردانہ حملے سے متعلق مزید سات افراد کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔
جناب علوی نے کہا کہ امام زمانہ(عج) کے گمنام سپاہیوں نے جو 42 یا 43 دہشت گرد گرفتار کئے ہیں ان میں بعض نے تہران میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں میں معاونت فراہم کی۔۔ واضح رہے کہ بدھ کو ہونے والے ایرانی پارلیمنٹ اورحضرت امام خمینی (رہ) کے مزار پر حملوں میں 17 افراد شہید اور 52 زخمی ہوگئے تھے ایرانی سکیورٹی فورسز نے عمدہ کارروائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کو ایرانی پارلیمنٹ کے جاری اجلاس میں جانے سے روک دیا اور پارلیمنٹ کے اصلی گیٹ کو بند کردیا جس کی وجہ سے دہشت گرد اپنے اصلی ہدف تک پہنچنے میں بری طرح ناکام ہوگئے پھر وہ پارلیمنٹ کے آفس سیکشن میں گھس گئے اور وہاں انھوں نے بےگناہ افراد کو اپنی بربریت کا نشانہ بنا کر17 افراد کو شہید کردیا۔ ایرانی سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کو پارلیمنٹ کےآفس سیکشن کے ایک حصہ میں محاصرے میں لیکر ہلاک کیا۔ ذرائع کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی اور پولیس کی مشترکہ کارروائی کے نتیجے میں امریکی اور سعودی وہابی دہشت گرد اپنے ناپاک عزائم تک پہنچنے میں ناکام ہوگئے جبکہ ایرانی پارلیمنٹ کا اجلاس بھی جاری رہا ادھر امام خمینی (رہ) کے مزار پر حملہ کرنے والے ایک دہشت گرد کو پولیس نے بر وقت نشانہ بنا کر ہلاک کردیا جبکہ دوسرے نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔ دہشت گردوں نے صرف ایک نہتے باغبان کو شہید کیا۔