مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ برطانیہ میں عام انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے جہاں کروڑوں برطانوی شہری اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے نئی حکومت منتخب کریں گے۔ برطانیہ میں پولنگ کا آغاز برطانوی وقت کے مطابق صبح 7 بجے ہوا، جبکہ ملک کے 40 ہزار کے قریب پولنگ اسٹیشنز میں پولنگ کا عمل رات 10 بجے تک جاری رہے گا۔برطانیہ کے عام انتخابات میں ایک بار پھر کنزرویٹیو پارٹی اور لیبر پارٹی آمنے سامنے ہیں۔واضح رہے کہ برطانیہ میں موجود حلقوں کی تعداد 650 ہے اور پارلیمنٹ کے ایوان زیریں ہاؤس آف کامن میں اکثریت حاصل کرنے کے لیے سیاسی جماعتوں کے 326 ارکان کا جیتنا ضروری ہے۔رواں برس انتخابات میں تقریباً چار کروڑ 70 لاکھ رجسٹرڈ ووٹرز ووٹ کاسٹ کریں گے جبکہ 2015 میں ہونے والے عام انتخابات میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد چار کروڑ 64 لاکھ کے قریب تھی۔یاد رہے کہ رواں سال اپریل میں برطانوی وزیراعظم تھریسا مے نے ملک میں قبل از وقت عام انتخابات کا اعلان کردیا تھا۔تھریسا مے نے کہا تھا کہ وہ برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی (بریگزٹ) کے حوالے سے مذاکرات شروع کرنے سے قبل اپنے ہاتھ مضبوط کرنا چاہتی ہیں اور نئے مینڈیٹ کے ساتھ میدان میں اترنا چاہتی ہیں اور 2020 کے بجائے 8 جون 2017 کو عام انتخابات کا انعقاد چاہتی ہیں۔واضح رہے کہ تھریسا مے برطانیہ کی وزیر داخلہ تھیں، جس کے بعد جون 2016 میں بریگزٹ کے حوالے سے ریفرنڈم میں شکست کے بعد ڈیوڈ کیمرون کے مستعفی ہونے پر انہیں وزیراعظم بنایا گیا تھا۔
اجراء کی تاریخ: 8 جون 2017 - 12:38
برطانیہ میں عام انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے جہاں کروڑوں برطانوی شہری اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے نئی حکومت منتخب کریں گے۔