امریکی صدر ٹرمپ اور ان کی انتظامیہ نے 6 مسلم ممالک کے شہریوں کے امریکہ میں داخلے پر سفری پابندی کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایسوسی ایٹڈ پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ اور ان کی  انتظامیہ نے 6 مسلم ممالک کے شہریوں کے امریکہ میں داخلے پر سفری پابندی کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔  ٹرمپ انتظامیہ نے امریکی عدالت عظمی کے 9 ججز کے پاس ہنگامی درخواستیں جمع کرا کے مسلم ممالک کے شہریوں کے امریکہ میں داخلے پر پابندی کو بحال کرنے کی استدعا کی۔ امریکی وزارت انصاف کی ترجمان نے بتایا کہ عدالت عظمی سے اس اہم معاملے میں مداخلت کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ماتحت عدالتوں کی جانب سے ٹرمپ حکومت کے صدارتی فرمان پر جاری کردہ حکم امتناع کو منسوخ کیا جائے۔ امریکی حکومت کی جانب سے دائر سفری پابندی کی درخواستوں کے بعد سپریم کورٹ کے ججز اس بات کا جائزہ لیں گے کہ آیا ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے مسلم ممالک پر سفری پابندی کا حکم نامہ امتیازی سلوک پر مبنی تو نہیں ہے۔ٹرمپ انتظامیہ نے 6 مارچ کو ایران، لیبیا، صومالیہ، سوڈان، شام اور یمن کے شہریوں کے امریکہ میں داخلے پر 90 روز کی عارضی پابندی لگائی تھی تاہم امریکہ کی کئی ماتحت عدالتیں ٹرمپ کے اس حکم نامے کو غیر قانونی اور امتیازی سلوک پر مبنی قرار دے کر اس پر عمل درآمد کو روک چکی ہیں۔