مہر خبررساں ایجنسی نے المنار کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصر اللہ نے یوم جانباز کی مناسبت سے جانبازوں کو خطے میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے کا مظہر قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں اپنے جانبازوں کی قربانیوں ، استقامت اور ان کے صبر و ثبات پر فخر ہے۔
سید حسن نصر اللہ نے کہا کہ خطے میں بڑے سخت چیلنجوں کا سامنا ہے اور ان چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمیں قربانیوں کے لئے تیار رہنا چاہیے انھوں نے کہا کہ اس سے قبل شہداء اور جانبازوں نے عظیم الشان قربانیاں دیکر دشمن کی لبنان پر تسلط پسندانہ پالیسیوں کو ناکام بنادیا ہے اور اس کے بعد بھی لبنانی قوم ، فوج اور حکومت ملکر خطے میں دشمن کی پالیسیوں کو ناکام بنادیں گے۔حزب اللہ کے سربراہ نے کہا کہ شام میں سامراجی طاقتوں سے وابستہ دہشت گردوں کو تاریخی شکست کا سامنا ہے اور اب لبنان کی سرحد کے پاس کوئی ایسی پہاڑی موجود نہیں ہے جس پر دہشت گرد موجود ہوں۔۔سید حسن نصر اللہ نے مزدور اور لیبر دن کی مناسبت سے بھی لبنان کے تمام محنت کشوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ لبنانی حکام کو بیکاری اور بے روزگاری کی مشکل پر سنجیدگی کے ساتھ توجہ مبذول کرنی چاہیے اور اس سلسلے میں عوام کی مشکلات کو حل کرنا چاہیے۔