مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی امام خامنہ ای نے ملک بھر کی بعض لیبر یونینوں اور اہلکاروں سے لیبر دن کی مناسبت سے ملاقات میں فرمایا: عوام کی میدان میں ولولہ انگیز موجودگی کی بدولت ایران کے خلاف دشمن کی جنگی دھمکیوں سمیت تمام سازشیں ناکام ہوگئیں ، عوام کی مختلف میدانوں میں موجودگی فیصلہ کن ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے فرمایا: عوام کو معلوم ہونا چاہیے کہ ان کی مختلف میدانوں میں موجودگی ملکی اور قومی سلامتی کے لئے فیصلہ کن ہے ۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: جیسا کہ آپ دیکھ رہے ہیں کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے سامنے منہ زور اور مغرور دشمن ہر سخت عمل انجام دینے سے اجتناب کررہا ہے یہ عوام کی میدان میں بھر پور موجودگی کی بنا پر ہے ۔ دشمن عوام سے ڈرتا ہے اور حقیقی معنی میں ڈرتا ہے یہ تجزيہ اور تحلیل نہیں بلکہ مسلم حقیقت ہے جب عوام میدان میں حاضر ہوتے ہیں تو دشمن ، اسلامی نظام کے خلاف کارروائی کرنے سے خوفزدہ ہوکر پیچھے ہٹ جاتا ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: اگر قوم اور نظام کے درمیان فاصلہ پیدا ہوجائے تو اسوقت دشمن ہر کام انجام دے سکتا ہے لیکن جب تک عوام میدان میں موجود ہیں تب تک دشمن کی اسلامی نظام کے خلاف کوئی حرکت کرنے کی ہمت نہیں ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے انتخابات منعقد کرانے والے حکام کو مخاطب کرتے ہوئے فرمایا: انتخابات اور آراء عوام کی امانت ہیں اور حکام کو چاہیے کہ وہ عوام کی امانت کی بھر پور حفاظت کریں۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: ایرانی عوام بارہویں صدارتی انتخابات میں بھر پور شرکت کرکے اپنے 4 سالہ صدر کا انتخاب کریں گے اور اسطرح وہ دشمن کی تمام سازشوں کو ناکام بنادیں گے۔