پاکستان کے علاقہ تربت میں وہابی دہشت گردوں نے ایف سی کی گاڑی کے قریب دھماکہ کیا جس کے نتیجے میں 4 اہلکار ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے علاقہ تربت میں وہابی دہشت گردوں نے ایف سی کی گاڑی کے قریب  دھماکہ کیا جس کے نتیجے میں 4 اہلکار ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق اتوار کی شام مند میں گواک کے مقام پر قافلے کو ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، حکام کے مطابق دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اس کے نتیجے میں ایف سی کی ایک گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ ایف سی کا قافلہ علاقے میں معمول کی گشت پر تھا ۔ زخمی ہونے والے ایف سی اہلکاروں کو فوری طور پر طبی امداد کی فراہمی کے لیے تربت اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ ایف سی اور لیویز کے اہلکاروں نے جائے وقوع پر پہنچ کر واقع کی تحقیقات شروع کردی۔ دھماکے کے بعد علاقے میں سکیورٹی سخت کردی گئی جبکہ سرچ آپریشن بھی شروع کردیا گیا۔وزیراعظم نواز شریف نے فورسز کے قافلے پر حملے میں 4 جوانوں کی ہلاکت کے واقعہ کی شدید مذمت اور قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وہابی دہشت گرد اکثر پاکستانی فوج کو اپنا نشانہ بناتے ہیں۔