مہر خبررساں ایجنسی نےایکسپریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستانی سپریم کورٹ نے مقدمات سے متعلق ضمنی کاز لسٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق پاناما کیس کا محفوظ فیصلہ آج دوپہر 2 بجے سنایا جائے گا۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5 رکنی لارجر بینچ نے کیس کی سماعت کی، بینچ میں جسٹس اعجاز افضل خان، جسٹس گلزار احمد، جسٹس عظمت سعید اور جسٹس اعجاز الحسن شامل ہیں، لارجر بینچ نے 26 سماعتیں مکمل ہونے کے بعد 23 فروری کو کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا جو اب تقریبا 2 ماہ بعد سنایا جائے گا۔ پانامہ کیس کے فیصلے کے موقع پر سپریم کورٹ میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے جائیں گے جب کہ عدالت میں داخلہ خصوصی پاس کے ذریعے ہوگا۔ پانامہ کیس میں چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے وزیراعظم نوازشریف کی نااہلی کے لیے درخواست دائر کی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ وزیراعظم نوازشریف نے اپنے اثاثوں سے متعلق غلط بیانی کی ہے اور انہوں نے لندن میں فلیٹ جائیداد منی لانڈرنگ کے ذریعہ خریدے جب کہ جماعت اسلامی اور شیخ رشید بھی کیس میں فریقین ہیں، سپریم کورٹ میں وکلا نے دلائل مکمل کیے تھے جس کے بعد عدالت عظمیٰ نے کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا تھا جو آج 2 بجے سنایا جائےگا۔
اجراء کی تاریخ: 20 اپریل 2017 - 00:47
پاکستانی سپریم کورٹ نے مقدمات سے متعلق ضمنی کاز لسٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق پانامہ کیس کا محفوظ فیصلہ آج دوپہر 2 بجے سنایا جائے گا۔