مہر خبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے ماسکو میں نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ شمالی کوریا پر امریکہ کا یکطرفہ حملہ بہت خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ لاوروف نے کہا کہ ہم پیانگ یانگ کے بے دھڑک نیوکلیئر میزائل ایکشنز کو قبول نہیں کرتے جو اقوام متحدہ کی قراردوں کی خلاف ورزی ہے، لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ آپ عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرسکتے ہیں۔سرگئی لاوروف نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ شمالی کوریا کے خلاف کوئی بھی یکطرفہ کارروائی نہیں کی جائے گی، جیسا کہ ہم نے حال ہی میں شام میں دیکھی۔ادھر امریکہ کے نائب صدر مائیک پینس نے پیر کے روز شمالی کوریا کو تنبیہ کی تھی کہ وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے عزم کو نہ آزمائے، ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کے میزائل اور نیوکلیئر ہتھیاروں کے پروگرام کے خاتمے کے لیے تمام آپشنز موجود ہیں۔ مائیک پینس نے کہا کہ امریکہ کے شمالی کوریا سے متعلق اسٹریٹجک صبر کا دور گزر چکا ہے۔ لیکن شمالی کوریا نے امریکی دھمکیوں کے جواب میں کہا ہے کہ شمالی کوریا ہر ہفتہ ایک میزائل کا تجربہ کرےگا۔
اجراء کی تاریخ: 18 اپریل 2017 - 10:10
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے ماسکو میں نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ شمالی کوریا پر امریکہ کا یکطرفہ حملہ بہت خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔