اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں خطیب جمعہ نے قرآن مجید کی زیادہ سے زیادہ تلاوت کرنے پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید دلوں کو زندہ کرنے اور انسان کو اللہ تعالی سے قریب تر کرنے کا بہترین وسیلہ ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں نماز جمعہ حجۃ الاسلام والمسلمین صدیقی کی امامت میں منعقد ہوئی جس میں لاکھوں مؤمنین نے شرکت کی۔ خطیب جمعہ نے اپنے خطبوں میں  قرآن مجید کی زیادہ سے زیادہ تلاوت کرنے پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید دلوں کو زندہ کرنے اور انسان کو اللہ تعالی سے قریب تر کرنے کا بہترین وسیلہ ہے۔

خطیب جمعہ نے کہا کہ اللہ تعالی نے ایک بار پھر بہار کے ذریعہ مردہ زمین کو دوبارہ زندہ کردیاہے اسی طرح وہ ایک دن مردہ انسانوں کو زندہ کرےگا۔

خطیب جمعہ نے کہا کہ دیکھنا چاہیے کہ انسان کا دل کس چیز سے زندہ ہوتا ہے ، امام زمانہ (عج) کی آمد دل کی بہار ہے فکر کرنے سے بھی دل زندہ ہوتا ہے۔ موعظہ حسنہ سننے سے بھی دل زندہ ہوتا ہے ۔

خطیب جمعہ نے مزید کہا کہ قرآن بھی دل کی بہار ہے قرآن مجید کی تلاوت سے مردہ دل زندہ ہوتے ہیں لہذا ہمیں قرآن مجید کی زیادہ سے زیادہ تلاوت کرنی چاہیے۔

خطیب جمعہ نے ملک کے مدیروں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اچھے، انقلابی ،ہوشیار، تجربہ کار  اور لائق مدیر ملک کی ترقی اور پیشرفت کا سبب بنتے ہیں جبکہ غفلت کرنے والے مدیر ملک کے لئے مشکلات اور پریشانی کا سبب بنتے ہیں لہذا اہم عہدوں پر اچھے، توانا، لائق اور شجاع مدیروں کوفائز کرنے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک کے اندرونی وسائل کا درست استعمال کرکے ہم ملک کی معاشی اور اقتصادی مشکلات کو حل کرسکتے ہیں۔