پاکستان بھر میں 76 واں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے اور دارالحکومت اسلام آباد میں مسلح افواج کی جانب سے شاندار مشترکہ پریڈ کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان بھر میں 76 واں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے اور دارالحکومت اسلام آباد میں مسلح افواج کی جانب سے شاندار مشترکہ پریڈ کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔ یوم پاکستان کی تقریبات كا آغاز وفاقی دارالحكومت اسلام آباد میں 31 جب كہ صوبائی دارالحكومتوں لاہور، كراچی ، پشاور اور كوئٹہ میں 21 ،21 توپوں كی سلامی سے ہوا ۔ یوم پاکستان پر تمام سركاری ونجی عمارات پر قومی پرچم لہرائے جا رہے ہیں، اسلام آباد سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں تقریبات كا انعقاد كیا جا رہا ہے۔ یوم پاكستان پرملک میں عام تعطیل كا اعلان كیا گیا ہے، سركاری اور نجی اداروں كی طرف سے سیمینار، ریلیاں اور تقریبات منعقد كی جا رہی ہیں۔ كراچی میں بانی پاكستان قائداعظم محمد علی جناح جب كہ لاہور میں شاعر مشرق ڈاكٹر علامہ محمد اقبال كے مزاروں پر گارڈز كی تبدیلی كی تقریبات منعقد ہوئیں۔ یوم پاكستان كے موقع پر اسلام آباد میں مسلح افواج كی پریڈ كا شاندار مظاہرہ کیا جا رہا ہے ۔