افریقی ملک گھانا میں کنٹامپو کی معروف آبشار میں ایک بڑے درخت کے گرنے سے18طلبہ سمیت 19 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ افریقی ملک گھانا میں کنٹامپو کی معروف آبشار میں ایک بڑے درخت کے گرنے سے18طلبہ سمیت 19 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ناگہانی صورت حال سے نمٹنے والے شعبہ کے اہلکاروں نے بتایا ہے کہ طوفان میں جب یہ عجیب حادثہ رونما ہوا اس وقت یہ لوگ وہاں تیراکی کر رہے تھے۔انھوں نے بتایا کہ بظاہر پیڑ طوفان کے سبب گرا تھا۔گھانا کی قومی فائر سروس کے ترجمان پرنس بلی انیگلیٹ نے کہا کہ یہ حادثہ برونگ اہافو علاقے میں کنٹامپو آبشار میں ہوا۔پولیس اور فائر سروس کی مشترکہ ٹیم نے جائے حادثہ کا دورہ کیا ہے تاکہ درخت میں پھنسے لوگوں کو بچایا جا سکے۔

گھانا کے ذرائع کے مطابق بارش کے شروع ہوتے ہی اونچائی پر کھڑا ایک بڑا سا درخت گر گیا جس کی زد میں خوشیاں مناتے لوگ آ گئے۔مرنے والوں میں زیادہ تر وینچی سینیئر ہائی سکول کے طلبہ تھے۔ جبکہ ان میں سے بعض سیاح بھی تھے۔ ریسکیو ٹیمیں درخت کی شاخوں کو آرے سے کاٹ کر درخت میں پھنسے باقی لوگوں کو بچانے کی کوشش میں ہیں۔