مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر دفاع جنرل حسین دہقان نے "کرار ٹینک " کی رونمائی کی تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے مقامی سطح پرکرار ٹینک تیارکرکے ثابت کردیا ہے کہ ایران مزاحمتی اقتصادی پالیسیوں پر گامزن ہے اور اس کے خلاف مغربی ممالک کی اقتصادی پابندیاں غیر مؤثر اور شکست و ناکامی سے دوچارہوگئی ہیں۔
جنرل دہقان نے کہا کہ کرار ٹینک دور حاضر کا پیشرفتہ ٹینک ہے جو جدید تقاضوں کے پیش نظر بنايا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایرانی دفاعی ماہرین نے ثابت کردیا ہے کہ وہ ملک کے اندرونی وسائل پر تکیہ کرتے ہوئے دفاعی ساز و سامان بنانے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں۔ ایرانی وزیر دفاع نے کہا کہ "کرار" ٹینک کے تمام قطعات مقامی سطح پرتیار کئے گئے ہیں۔ اور یہ ٹینک بڑی تعداد میں ملک کے اندر تیار کیا جارہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مزاحمتی اقتصاد کے سال میں ایران نے اپنے پیشرفتہ ٹینک کی رونمائی کرکے ثابت کردیا ہے کہ ایران کے اندر اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کی بھر پور صلاحیت موجود ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر ہم کرار ٹینک کی ایک جملے میں تعریف کرنا چاہیں تو ہم یہ کہیں گے کہ " کرار ٹینک ایرانی قوم کے اقتدار" کا مظہر ہے۔