مہر خبررساں ایجنسی کی اردو سروس کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے ہفتہ ماحولیات کی مناسبت سے دو درخت زمین میں کاشت کرنے کے بعد ماحولیات اور جنگلات کے تحفظ پر تاکید کی ہے۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے سبز فضا، درختوں اور جنگلات کی اہمیت کی طرف اشارہ رکتے ہوئے فرمایا: درختوں اور سبز فضا کی عدم موجودگی کی بنا پر گردو غبار، ہوا میں آلودگی اور شہروں میں غیر سالم ہوا جیسی مشکلات کا سامنا ہے اور ملک میں بہت سے بنجر علاقوں کے پیش نظر درختوں کی کاشت اور جنگلات کی حفاظت بہت ضروری ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے ملک میں موجود سبز فضا ، مختلف قسم کی جڑی بوٹیوں اور شمال کے جنگلات کو ایران کی سبز فضا کا اہم حصہ قراردیتے ہوئے فرمایا: شمال کے جنگلات دنیا کے بہترین اور بے نظیر جنگلات میں شامل ہیں اور ان کی حفاظت بہت ہی ضروری ہے کیونکہ یہ قومی اور ملکی سرمایہ ہیں قومی اور ملکی سرمایہ کو نقصان پہنچانے والے افراد کا بھر پور مقابلہ کرنا چاہیے ۔
رہبر معظم نے فرمایا: محکمہ جنگلات کے حکام کو اپنے منصبی فرائض کو احسن طریقہ سے انجام دینا چاہیے اور ملکی اور قومی سرمایہ کو تحفظ فراہم کرنے کے سلسلے میں اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرنا چاہیے۔