فلسطینی تنظیم جہاد اسلامی کے نائب سربراہ نے کہا ہے کہ یہ بات حقیقت ہے کہ ایران واحد اسلامی ملک ہے جو فلسطین کی آزادی کی آواز بلند کررہا ہے اور فلسطینی عوام کی اعلانیہ مدد کررہا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کے ساتھ گفتگو میں فلسطینی تنظیم  جہاد اسلامی کے نائب سربراہ زیاد نخالہ  نے کہا ہے کہ یہ بات حقیقت ہے کہ ایران واحد اسلامی ملک ہے جو فلسطین کی آزادی کی آواز بلند کررہا ہے اور جو فلسطینی عوام کی اعلانیہ مدد بھی کررہا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں فلسطینی انتفاضہ کی حمایت میں چھٹی عالمی کانفرنس کے ضمن میں فلسطینی تنظیم  جہاد اسلامی کے نائب سربراہ نے ایران کو فلسطینی عوام کا سچا دوست اور حامی قراردیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی عرب ملک نے آج تک مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرنے کے لئے اس قسم کا کوئی اقدام نہیں اٹھایا ۔ اور ایران واحد ملک ہے جو آشکارا فلسطینی عوام کی مدد اور مسئلہ فلسطین کے بارے میں آواز بلند کررہا ہے۔

جہاد اسلامی کے نائب سربراہ نے کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے مسئلہ فلسطین کو فراموش کرنے کے سلسلے میں دہشت گردی کو فروغ دیا اور وہ ممالک جو فلسطین کے سچے حامی اور دوست تھے انھوں نے وہاں دہشت گردی کو فروغ دیکر عدم استحکام پیدا کردیا۔

انھوں نے کہا کہ اسرائیل ، مسلمانوں کا پہلا دشمن ہے اور مسئلہ فلسطین پر تمام مسلمان متحد ہوسکتے ہیں لیکن ان  عرب حکمرانوں سے اتحاد کی توقع نہیں رکھنی چاہیے جو امریکی اتحاد میں شامل ہیں۔